مشرق وسطیٰ کی حالیہ جنگی صورتحال کے باعث متاثر ہونے والے فضائی آپریشنز اب آہستہ آہستہ بحالی کی طرف گامزن ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کو متحدہ عرب امارات کے لیے یومیہ دو پروازوں کی اجازت مل گئی ہے جس کے تحت ایک پرواز دبئی اور ایک ابوظہبی کے لیے روانہ ہوگی۔
اس سے قبل سعودی شہر دمام کے لیے بھی پی آئی اے کو پروازوں کی اجازت دی گئی تھی تاہم بحرین پر میزائل حملے کے بعد پیدا ہونے والی سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر دمام کے لیے پروازیں فی الحال روک دی گئی ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب کے دیگر شہروں جدہ، ریاض اور مدینہ کے لیے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے اور یہ پروازیں بحیرہ عرب سے ہو کر یمن کے راستے اپنی منزل تک پہنچ رہی ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث یورپ اور کینیڈا جانے والی پروازوں کو متبادل راستہ اختیار کرنا پڑ رہا ہے اور اب یہ پروازیں افغانستان کے علاقے واخان سے گزر کر اپنی منزل کی جانب گامزن ہیں۔
فضائی آپریشن کی اس جزوی بحالی سے ان سینکڑوں مسافروں کو بڑی راحت ملے گی جو گزشتہ کئی روز سے پروازوں کی معطلی کے باعث پریشان تھے۔





