محمد عباس
باجوڑ : ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) باجوڑ محمد خالد کی سربراہی میں پولیس لائنز باجوڑ میں شہداء پولیس کے ورثاء کے اعزاز میں پروقار افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر شہداء کے اہل خانہ میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے، جبکہ ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
افطار ڈنر میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی، ڈی پی او باجوڑ محمد خالد، ایس پی انوسٹیگیشن نوید اقبال اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے خصوصی شرکت کی۔
ڈی پی او نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعدد امور کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔
محمد خالد نے کہا کہ شہداء پولیس کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے ورثاء کی فلاح و بہبود پولیس فورس کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور کے کرکٹ شائقین کے لیے خوشی کی خبر، تاج محمد خان ترند کا اہم اعلان
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس فورس ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ اہل خانہ محفوظ اور سہولت مند زندگی گزار سکیں۔
تقریب کے دوران شہداء کے بلند درجات، ملک کی سلامتی اور قومی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ یہ اقدام باجوڑ پولیس کی جانب سے شہداء کے اہل خانہ کے لیے احترام اور شکرگزاری کا عملی مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔





