پشاور کے کرکٹ شائقین کے لیے خوشی کی خبر، تاج محمد خان ترند کا اہم اعلان

شاہد جان
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے بدھ کے روز پشاور میں واقع عمران خان کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری کھیل محمد آصف اور ڈائریکٹر جنرل کھیل تاشفین حیدر بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران مشیر کھیل نے رمضان المبارک میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں سٹیڈیم میں جاری انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے گراؤنڈ کی تیاری، سیکیورٹی اقدامات، شائقین کرکٹ کے لیے سہولیات اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا اور محکمہ کھیل کی کارکردگی کو سراہا۔

تاج محمد خان ترند نے خیبر پختونخوا کے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال پاکستان سپر لیگ اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے میچز اسی سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے، جو پشاور اور صوبے بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے خوش آئند خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی ایک مثبت پیش رفت ہے اور صوبائی حکومت کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

مشیر کھیل نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی کی قیادت میں نوجوانوں کو معیاری کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : رات کے اندھیروں میں F-17 تھنڈر کی گرج، افغانستان میں دہشتگرد ٹھکانوں پر فیصلہ کن حملہ

دورے کے دوران مشیر کھیل نے محکمہ کھیل کے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ شائقین کرکٹ کی سہولت اور میچز کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

یہ دورہ صوبے میں کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا عملی مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top