آدھا رمضان گزر گیا، پختونخوا حکومت نے ابھی تک رمضان پیکج کی تقسیم شروع نہیں کی، عظمیٰ بخاری

آدھا رمضان گزر گیا، پختونخوا حکومت نے ابھی تک رمضان پیکج کی تقسیم شروع نہیں کی، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آدھا رمضان گزر جانے کے باوجود صوبائی حکومت نے ابھی تک رمضان پیکج کی تقسیم کا آغاز نہیں کیا۔

عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت اب تک 30 لاکھ افراد کو رمضان نگہبان پروگرام کے تحت امدادی رقم فراہم کر چکی ہے، اور آنے والے چند دنوں میں 40 لاکھ افراد تک امداد پہنچانے کا ہدف مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبے بھر میں روزانہ لاکھوں افراد افطاری حاصل کر رہے ہیں اور مستحق افراد کی مدد کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے ابھی تک اپنے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان سے فہرستیں طلب کر رکھی ہیں، لیکن عملی طور پر رمضان پیکج کی تقسیم شروع نہیں ہوئی۔ عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف ہر سال کی طرح اس سال بھی خیبرپختونخوا میں رمضان پیکج کے نام پر 10 ارب روپے پارٹی کارکنوں میں تقسیم کرے گی

عظمی بخاری نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی توجہ صرف اڈیالہ جیل میں قید ایک شخص کی طرف مرکوز ہے، جبکہ چار کروڑ آبادی والے صوبے کے عوامی مسائل سے حکومتی لاپرواہی مسلسل جاری ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان المبارک کے موقع پر مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے نگہبان رمضان پیکج پر عملدرآمد جاری ہے۔ اس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کے ذریعے شفاف اور بروقت سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ رمضان کے مہینے میں عوام کو معاشی ریلیف مل سکے۔

Scroll to Top