پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی نئی لہر لائے گا، شفیع جان

شاہد جان
پشاور: شفیع جان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے مہنگائی سے پہلے ہی پسے ہوئے عوام پر ظلم کے مترادف قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں شفیع جان کا کہنا تھا کہ ایک دیہاڑی دار اور تنخواہ دار طبقہ پہلے ہی دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، ایسے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اتنا بڑا اضافہ ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ دراصل ہر گھر کے چولہے، ہر مزدور کی جیب اور ہر غریب کے بجٹ پر براہ راست حملہ ہے۔

ان کے مطابق اس اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں، آٹے سمیت روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا جس سے عام آدمی کی زندگی مزید اجیرن ہو جائے گی۔

شفیع جان نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں 150 روپے فی لیٹر پٹرول پر واویلا مچانے والے حکمرانوں کا دوغلا پن اب قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ آخر معاشی بوجھ ہمیشہ غریب اور متوسط طبقے پر ہی کیوں ڈالا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر تک اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے، ایمل ولی خان

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرے نہ کہ ایسے فیصلے کرے جو مہنگائی کے طوفان کو مزید تیز کر دیں۔

شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ہر فورم پر عوام کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی اور عام آدمی کے مفاد کے تحفظ کے لیے اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرے گی۔

یاد رہے کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 55 روپے اضافے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 321روپے 17پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر  ہوگئی۔

Scroll to Top