صوبائی دارالحکومت پشاور میں30روز کیلئے دفعہ 144نافذ

صوبائی دارالحکومت پشاور میں30روز کیلئے دفعہ 144نافذ

پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثنا اللہ خان کے مطابق یہ پابندیاں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے دوران عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عائد کی گئی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش، ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور پٹاخوں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے کشتیوں میں اوورلوڈنگ، تفریحی پارکس میں غیر محفوظ رائیڈز کے استعمال، ڈیموں اور دریاؤں میں لائف جیکٹ کے بغیر نہانے یا تیراکی کرنے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ اسی طرح بل یا ہیوی سائلنسر والی ہیوی بائیکس اور اسپورٹس گاڑیوں کے استعمال کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور آئندہ 30 دن تک مؤثر رہیں گے۔

Scroll to Top