خیبرپختونخوا میں گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی دو عیدیں منانے کی روایت برقرار رہی۔ ضلع باڑہ میں عیدالفطر کے موقع پر نماز عید ادا کر دی گئی۔
انتظامیہ اور مقامی کمیٹیوں کی جانب سے مساجد اور عیدگاہوں میں صفائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی ضلع باڑہ میں دو عیدیں منانے کی روایت برقرار رہے گی، جہاں مختلف علاقوں میں چاند کی رویت کے اختلاف کے باعث عیدالفطر الگ الگ دنوں میں منائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الفطر کی خوشیاں منائی جارہی ہیں
تحصیل رستم کے مختلف علاقوں میں نماز عیدالفطر عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ مرکزی عیدگاہ میں سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا، جہاں بڑی تعداد میں فرزندانِ اسلام نے شرکت کی۔
ضلع بنوں میں آج عید منائی جا رہی ہے، ضلع بھر میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، نماز عید کے موقع پر ملکی سلامتی اور ضلع کے امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
علمائے کرام نے اپنے خطبات میں اتحاد، بھائی چارے اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
مقامی علما کا کہنا ہے کہ ہر طبقہ فکر اپنے اپنے اعلان کے مطابق عید منائے گا، جبکہ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے خوشیوں کے اس تہوار کو باہمی احترام کے ساتھ منائیں۔





