سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے متعدد حملے ناکام کردیے

بلوچستان : بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی جانب سے بیک وقت حملوں کی کوشش کی گئی، تاہم سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان حملوں کو ناکام بنا دیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے صوبے کے مختلف مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی، جن میں کوئٹہ کے نواحی علاقے نوسر، میان غنڈی، ویسٹرن بائی پاس، اسپلنجی (مستونگ)، لٹر (خاران) کے علاوہ تربت اور پنجگور شامل ہیں۔

تاہم سیکیورٹی اداروں کی بروقت تیاری اور فوری ردعمل کے باعث دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز نے تیز اور منظم کارروائیاں کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کو جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا، جبکہ فرار ہونے والے عناصر کا تعاقب جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں رات گئے پولیس کا کامیاب آپریشن، مقابلے کے دوران ڈاکو ہلاک

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس مربوط حملے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا گیا ہے اور اس میں ملوث دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

فورسز ہائی الرٹ پر ہیں اور کلیئرنس آپریشنز کے ذریعے باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں کسی بھی دہشت گرد کو محفوظ پناہ گاہ فراہم نہیں ہونے دی جائے گی اور ہر قسم کے خطرے کا سختی سے خاتمہ کیا جائے گا۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ پاکستان دشمن عناصر کی جانب سے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Scroll to Top