کراچی: خلیج میں جاری جنگ کے باعث پاکستان میں روئی اور پھٹی کی درآمدی سرگرمیاں معطل ہونے سے مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
گزشتہ ہفتے مقامی کاٹن مارکیٹس میں فی من روئی کی قیمت ایک ہزار 500 روپے کے ریکارڈ اضافے کے بعد 19 ہزار 500 روپے تک پہنچ گئی، جو کاٹن ایئر 2025-26 کی نئی بلند ترین سطح ہے۔
اس کے علاوہ فی 40 کلوگرام پھٹی کی قیمت بھی ایک ہزار روپے اضافے کے ساتھ 9 ہزار 300 روپے تک جا پہنچی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے بھی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
کاٹن سیکٹر کے اسٹیک ہولڈرز کا کہنا ہے کہ مقامی روئی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر، کاٹن ایئر 2026-27 میں کپاس کی کاشت میں بھی اضافے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 11: حسن علی کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ
چیئرمین کاٹن جنرز فورم، احسان الحق نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ خلیجی جنگ کے باعث روئی کی درآمدات کی معطلی، بین الاقوامی مارکیٹس میں قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، ملک بھر کے کاٹن زونز میں درجہ حرارت میں غیر متوقع کمی، اور ہلکی بارشوں کے باعث کپاس کی کاشت میں تاخیر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں گذشتہ دو ہفتوں سے روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔
احسان الحق نے مزید کہا کہ یہ صورتحال مقامی پیداوار اور درآمدات دونوں پر اثر انداز ہو رہی ہے، اور اگر موجودہ رجحان جاری رہا تو کپاس کے کاروباری اور صارفین دونوں کے لیے قیمتیں مزید بلند ہو سکتی ہیں۔





