ایران کے میزائل نے بیئر شیبا صنعتی زون میں کیمیائی پلانٹ کو نشانہ بنایا

جنوبی اسرائیل کے علاقے بیئر شیبا میں ایران کے میزائل حملے کے باعث شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ایران کی جانب سے داغا گیا میزائل صنعتی زون میں واقع کیمیائی پلانٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دھوئیں کے بادل آسمان کی جانب بلند ہو گئے اور ہنگامی ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے فوری کارروائی میں مصروف ہو گئیں۔

مقامی رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر کے تحت اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی تاکہ کسی ممکنہ خطرناک مادے کے اخراج سے محفوظ رہ سکیں۔

حکام نے بعد میں تصدیق کی کہ حملے کے دوران کسی قسم کے خطرناک یا زہریلے مادے کا اخراج نہیں ہوا، تاہم یہ واقعہ جاری اسرائیل-ایران تنازع میں خطرناک کشیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔

ایران نے واضح کیا ہے کہ اگر اس کے سٹریٹجک اثاثوں پر حملے کیے گئے تو وہ اسرائیلی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے سے گریز نہیں کرے گا۔

دوسری جانب ایران کے شہر تبریز میں بھی امریکی اور اسرائیلی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جہاں ایک اہم پیٹروکیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے توسط سے ایران سے مذاکرات میں اہم پیش رفت، ڈیل جلد ہوسکتی ہے، ٹرمپ

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق تبریز پیٹروکیمیکل کمپنی کے ایک یونٹ پر حملے کے بعد ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ ریسکیو اور آپریشنل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ایرانی حکام نے بتایا کہ حملے کے باوجود کسی خطرناک یا زہریلے مادے کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی، جس سے ممکنہ ماحولیاتی نقصان کا خطرہ ٹل گیا۔

تاہم اس واقعے نے علاقے میں کشیدگی اور بین الاقوامی سطح پر سیکورٹی خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے، اور ماہرین اس حملے کو ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعات کی ایک سنگین نشاندہی قرار دے رہے ہیں۔

Scroll to Top