اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے حالیہ علاقائی تنازع اور اس حوالے سے جاری امن کوششوں کے بارے میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ نام نہاد “سرکاری ذرائع” کے حوالے سے جو رپورٹس نشر کی جا رہی ہیں، وہ حقیقت سے دور ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔
طاہر اندرابی نے واضح کیا کہ جمعہ کے روز وزارتِ خارجہ میں ہونے والی بریفنگ کو غلط رنگ میں پیش کیا گیا، اور ان مخصوص معاملات کا بریفنگ میں کوئی ذکر نہیں ہوا جن کا حوالہ میڈیا رپورٹس میں دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری کے لیے رازداری اور ذمہ داری انتہائی ضروری ہے، خاص طور پر جب علاقائی حالات کشیدہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں : مفتاح اسماعیل نے پیٹرول کی مہنگائی کی اصل وجہ بتا دی
ترجمان نے تمام میڈیا ہاؤسز سے اپیل کی کہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور صرف سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات اور میڈیا ریڈ آؤٹس پر ہی بھروسہ کریں۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ کسی بھی خبر کو نشر کرنے سے پہلے مکمل چھان بین لازمی ہے تاکہ غلط فہمی یا سفارتی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔





