ایران امریکا جنگ بندی میں پاکستان کا کردار، لنڈی کوتل میں پاک فوج اور وزیر اعظم کے حق میں ریلی، خراجِ تحسین پیش

ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل بازار میں باچا خان چوک میں مسیحی برادری کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے یومِ تشکر ریلی نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء نے پاک فوج اور وزیر اعظم کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی، جن میں پاکستان زندہ باد، “پاک فوج زندہ باد، “فیلڈ مارشل عاصم منیر زندہ باد اور وزیر اعظم شہباز شریف زندہ باد شامل تھے، اس موقع پر مقامی افراد، مشران اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق اقلیتی ممبر صوبائی اسمبلی ویلسن وزیر نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان نے اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ثالثی کرتے ہوئے دونوں ممالک کو خونریزی سے بچایا، جس پر عالمی سطح پر پاکستان کو سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے اور حالیہ پیش رفت کے نتیجے میں نہ صرف دو ہفتوں کی جنگ بندی ممکن ہوئی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا آغاز بھی ایک خوش آئند قدم ہے۔

ریلی کے اختتام پر مسیحی برادری اور علاقے کے مشران نے پاکستان کی قیادت اور دیگر اعلیٰ حکام کو اس کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا اور امن کے قیام کے لیے دعا کی۔

Scroll to Top