امریکی نائب صدر جے ڈی وینس امریکہ روانہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے رخصت کیا

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکہ روانہ ہو گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امریکی وفد کو رخصت کیا ، وزیر داخلہ محسن نقوی دیگر امریکی اور پاکستانی حکام بھی موجود تھے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اسلام آباد میں پاکستان کی ثالثی میں ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کی۔ وفد میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور سابق امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر بھی شامل تھے۔

دوسری جانب ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے ان مذاکرات میں بطور ثالث کلیدی کردار ادا کیا، جس کے باعث امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور بات چیت کے آغاز میں پیش رفت ممکن ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے ہماری شرائط قبول کرنے سے انکار کر دیا، بدقسمتی سے ہم کسی معاہدے کے بغیر واپس جا رہے ہیں، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس

مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں فریقین کو براہ راست مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کامیابی حاصل ہوئی، جسے خطے میں امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top