گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت خطے میں انتخابی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار 16 اپریل سے 20 اپریل تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 21 اپریل کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 21 اپریل سے 28 اپریل تک جاری رہے گا۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کے لیے 2 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، جبکہ ایپلیٹ ٹربیونلز ان اپیلوں پر 9 مئی کو فیصلے سنائیں گے۔
مزید برآں امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 10 مئی کو جاری کی جائے گی اور امیدواروں کو انتخابی نشانات 12 مئی کو الاٹ کیے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام حلقوں میں پولنگ 7 جون کو ہوگی، جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد خطے میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہونے کا امکان ہے، جبکہ عوام بھی اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔





