نیا بجٹ، نئے وعدے!2026-27 بجٹ نوجوانوں اور غریب طبقے کیلئے ہوگا ،سہیل آفریدی نے بڑا دعویٰ کر دیا

نیا بجٹ، نئے وعدے!2026-27 بجٹ نوجوانوں اور غریب طبقے کیلئے ہوگا ،سہیل آفریدی نے بڑا دعویٰ کر دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سال 2026-27 کا صوبائی بجٹ نوجوانوں، غریب اور متوسط طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے تشکیل دیا جائے گا، جس کا مقصد روزگار کے مواقع بڑھانا اور عوام کو سہولیات کی فراہمی ہے۔

یہ بات انہوں نے اپنی زیر صدارت محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں کہی، جس میں مختلف محکموں کے نئے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایکسائز، بلدیات، کلائمیٹ چینج، خوراک، ہاؤسنگ، داخلہ، زراعت، لائیو اسٹاک اور توانائی کے شعبوں سے متعلق منصوبے زیر بحث آئے۔

اجلاس میں تجویز دی گئی کہ کوہاٹ، مردان، پشاور اور ضم اضلاع کو جدید سیف سٹیز میں تبدیل کیا جائے، تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اسی طرح پشاور سے غلہ گودام کی منتقلی کے لیے جدید اور متبادل ذخیرہ مراکز قائم کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس گوداموں، جیلوں اور تھانوں کی بہتری، اسپیشل برانچ کے لیے جدید آلات اور سی ٹی ڈی کے ڈسٹرکٹ سیٹ اپ کے قیام کی تجاویز پر بھی پیش رفت کی ہدایت کی۔

ترقیاتی منصوبوں میں مختلف اضلاع میں 8 ایکسائز تھانوں کے قیام، ضم اضلاع میں منی سولر گرڈ، تیراہ میں مائیکرو ہائیڈرو پاور سٹیشنز کی بحالی اور نئے بجلی فیڈرز شامل کرنے کی سکیمیں بھی زیر غور آئیں۔

اجلاس میں 22 میگا واٹ پاتراک شرینگل ہائیڈرو پاور اسٹیشن کے قیام کے منصوبے کو بھی ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے پر غور کیا گیا۔

مزید برآں وزیراعلیٰ نے ضم اضلاع میں تمام سرکاری دفاتر کی شمسی توانائی پر منتقلی، نوجوانوں کے لیے جدید سکلز ٹریننگ، ای کامرس کے فروغ اور تین سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کی ہدایت کی۔ ہنر مند نوجوانوں کے لیے مالی معاونت اور آسان کاروباری یونٹس کے منصوبوں پر بھی زور دیا گیا۔

سہیل آفریدی نے جنگلات کے رقبے میں اضافے کے لیے تین سالہ جامع پلان طلب کرتے ہوئے خصوصی سکیم تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ جانوروں کی بیماریوں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ، بائیو گیس منصوبوں، باغبانی کے لیے بلا سود قرضوں اور اینیمل رائٹس پالیسی کی جلد تکمیل کی ہدایت بھی جاری کی۔

انہوں نے ضم اضلاع میں گھروں کی سولرائزیشن کو فاسٹ ٹریک پر ڈالنے اور مائیکرو ہائیڈرو پاور منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی، تاکہ توانائی کے شعبے میں خود کفالت حاصل کی جا سکے۔

Scroll to Top