سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے اہم دورے کے بعد شہباز شریف وطن واپس روانہ

سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے اہم دورے کے بعد شہباز شریف وطن واپس روانہ

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا اہم اور کامیاب سفارتی دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان روانہ ہو گئے ہیں۔

انطالیہ سے روانگی کے موقع پر وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ انطالیہ کے دورے کی خوشگوار اور یادگار یادیں اپنے ساتھ لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ تنازعات کے حل کے لیے بات چیت کو ترجیح دی جائے۔

انہوں نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شریک مختلف عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے مؤقف، علاقائی و عالمی صورتحال اور امن کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنے اس دورے کے دوران وزیراعظم نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی امور پر گفتگو ہوئی۔ ان ملاقاتوں کو سفارتی سطح پر اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، طارق فاطمی اور مشرف زیدی شامل تھے۔

یہ دورہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اور خطے میں سفارتی روابط کے فروغ کے حوالے سے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top