جدید دور میں جہاں ڈاکٹروں سے وقت لینا مشکل ہوتا جا رہا ہے وہیں چیٹ جی پی ٹی اور جیمنی جیسے اے آئی بوٹس طبی مشوروں کے لیے ایک مقبول متبادل کے طور پر ابھر رہے ہیں۔
برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والی ایبی نامی خاتون گزشتہ ایک برس سے اپنی صحت سے جڑے مسائل کے حل کے لیے مصنوعی ذہانت کا سہارا لے رہی ہیں۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق اے آئی کی ہر وقت دستیابی اور طبی امتحانات میں اس کی بہترین کارکردگی نے عام صارفین کا اعتماد تو بحال کیا ہے لیکن ماہرین نے اس کے خطرناک پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی ہے۔
ایبی، جو ذہنی دباؤ اور اینگزائٹی کا شکار رہتی ہیںان کا کہنا ہے کہ روایتی انٹرنیٹ سرچ کے برعکس اے آئی انہیں بہت زیادہ ذاتی نوعیت کے مشورے دیتا ہے جس سے انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ کسی معالج کے ساتھ مل کر اپنا مسئلہ حل کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ انفیکشن کی صورت میں چیٹ بوٹ نے انہیں فارماسسٹ کے پاس جانے کا درست مشورہ دیاجس سے انہیں فوری علاج میسر آیا اور ان کا وقت بھی بچ گیا۔
تاہم مصنوعی ذہانت پر مکمل انحصار ہمیشہ درست ثابت نہیں ہوتا۔ ایبی نے اپنا ایک اور تجربہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ ہائیکنگ کے دوران گر کر زخمی ہوئیں تو چیٹ بوٹ نے انہیں اندرونی چوٹ کا خوف دلا کر ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال جانے کا کہہ دیا جو بعد میں غلط ثابت ہوا۔
اس واقعے نے ایبی کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ اے آئی کے مشوروں کو ہمیشہ شک کی نظر سے دیکھنا چاہیے۔
طبی ماہرین بھی اس رجحان پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ برطانیہ کے چیف میڈیکل آفیسر سر کرس وِٹی کا کہنا ہے کہ یہ سسٹمز انتہائی پراعتماد طریقے سے “غلط معلومات” پھیلا سکتے ہیں جو انسانی زندگی کے لیے مہلک ہو سکتی ہیں۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق اگر اے آئی کو مکمل ڈیٹا دیا جائے تو اس کی درستی کا تناسب 95 فیصد تک ہوتا ہے مگر جب ایک عام آدمی اپنی علامات بتاتا ہے تو ادھوری معلومات کی وجہ سے یہ تناسب گر کر محض 35 فیصد رہ جاتا ہے۔
تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ یہ بوٹس کسی طبی سمجھ بوجھ کے بجائے صرف الفاظ کے پیٹرنز پر جواب تیار کرتے ہیںیہی وجہ ہے کہ گمراہ کن سوالات پر یہ غیر سائنسی علاج بھی تجویز کر دیتے ہیں۔
ایبی کا اب یہ ماننا ہے کہ اگرچہ وہ اب بھی اے آئی استعمال کرتی ہیں لیکن وہ جانتی ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی غلطی کر سکتی ہے اس لیے اس پر آنکھیں بند کر کے بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔





