اسٹیڈیم میں اسمبلی اجلاس یا سیاسی ڈرامہ؟ عوام مسائل میں ڈوبے ہوئے ہیں، حکومت تماشے رچا رہی ہے، میاں افتخار حسین

اسٹیڈیم میں اسمبلی اجلاس یا سیاسی ڈرامہ؟ عوام مسائل میں ڈوبے ہوئے ہیں، حکومت تماشے رچا رہی ہے، میاں افتخار حسین

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس اسٹیڈیم میں بلانے کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے حکومت کی “تماشہ بازی” قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت آئے روز نئے ڈرامے رچا رہی ہے جبکہ عوام کے بنیادی مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ ان کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور آئے روز سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں کے باوجود حکومت سنجیدہ اقدامات کے بجائے نمائشی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

میاں افتخار حسین نے سوال اٹھایا کہ اسٹیڈیم میں اسمبلی اجلاس بلانے کا مقصد کیا ہے، جبکہ اسمبلی کارروائی پہلے ہی عوام تک لائیو نشر کی جاتی ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیا۔

اے این پی رہنما نے مزید کہا کہ اس غیر ضروری فیصلے پر آنے والے اخراجات عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جانے چاہئیں، کیونکہ صوبہ پہلے ہی سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کھیل کے میدانوں کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے کھیلوں کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے صوبائی اسمبلی اجلاس کو اسٹیڈیم میں بلانے کے فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اجلاس کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے، جبکہ کھیل کے میدانوں کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے کھیلوں کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے بجائے نمائشی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اے این پی اس “ڈرامہ بازی” کا حصہ نہیں بنے گی اور اس غیر معمولی فیصلے کے خلاف اجلاس کا مکمل بائیکاٹ کرے گی۔

Scroll to Top