محکمہ موسمیات کی پیش گوئی، ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں بارش، کہیں گرمی اور خشک موسم برقرار۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم چند علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں بدھ کے روز موسم خشک اور دن کے وقت گرم رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعد از دوپہر تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور میدانی علاقوں میں گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہے گا۔ شام اور رات کے وقت چترال، دیر، سوات، باجوڑ، کرم، خیبر اور وزیرستان سمیت اطراف کے علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ جنوبی علاقوں میں دوپہر اور شام کے وقت تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم خشک جبکہ رات کے وقت جزوی ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سندھ میں بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بعد از دوپہر جزوی ابر آلود موسم رہ سکتا ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرمی اور تیز گرد آلود ہواؤں کا امکان ہے۔ شام اور رات کے وقت کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن اور قلعہ عبداللہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا، تاہم کشمیر میں دوپہر کے بعد جزوی ابر آلود موسم رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے گرم ترین علاقوں میں دادو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جیکب آباد، روہڑی، موہنجودڑو اور لاڑکانہ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔





