پشاور: شہریوں کے تحفظ کے لیے اہم اقدام، سیف سٹی میں نیا سسٹم متعارف

پشاور: خیبرپختونخوا میں شہریوں کی فوری حفاظت اور ہنگامی صورتحال میں بروقت رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت بڑا اقدام کیا گیا ہے، جس کے تحت پشاور کے 68 مختلف مقامات پر پینک بٹن نصب کر دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ منصوبہ شہریوں کی فوری مدد، جرائم کی روک تھام اور سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ یہ سسٹم دہشت گردی کی روک تھام اور جرائم کے بروقت سراغ لگانے میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق پینک بٹن شہریوں کی فوری مدد کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

آئی جی پولیس کے مطابق نصب کیے گئے پینک بٹن آڈیو اور ویڈیو رابطے کی سہولت سے لیس ہیں اور یہ براہِ راست سیف سٹی پراجیکٹ کے کنٹرول روم سے منسلک ہیں، جس کے ذریعے ہنگامی صورتحال میں فوری پولیس رسپانس ممکن ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا زکوٰۃ فنڈ میں مستحقین نظر انداز، سرکاری ملازمین فائدہ اٹھاتے رہے، زکوٰۃ فنڈ میں بڑا انکشاف

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پینک بٹن کے استعمال پر بغیر کسی تاخیر کے پولیس ٹیم متاثرہ مقام تک پہنچتی ہے۔ یہ نظام خاص طور پر خواتین، طلبہ اور عوامی مقامات پر شہریوں کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

ذوالفقار حمید کے مطابق شہریوں کی جانب سے مثبت ردعمل کے بعد اس منصوبے کو دیگر شہروں تک بھی وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم ابتدائی مرحلے میں پشاور کے 68 مقامات پر یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پینک بٹن خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے عوام کے لیے ایک اہم تحفہ ہے اور یہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت سرگرم عمل ہے۔

Scroll to Top