اسلام آباد: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، جیٹ فیول 9 روپے 5 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 7 روپے 68 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جیٹ فیول کی نئی قیمت 355 روپے 52 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 329 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
دوسری جانب پیٹرول کی قیمت میں بھی 2 روپے 10 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 392 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت 399 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں سمیت دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔ موجودہ قیمتوں کا اطلاق 3 اکتوبر 2026 سے کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : برطانیہ میں ڈیزل اور پٹرول کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ
عالمی منڈی میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 29 سینٹ اضافے کے بعد 102.60 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 27 سینٹ اضافے کے بعد 93.14 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
مارکیٹ میں سرمایہ کار مشرق وسطیٰ کی صورتحال، ایران سے متعلق کشیدگی، عالمی سطح پر تیل کی طلب و رسد اور ڈیزل کی فراہمی سے متعلق پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔





