خیبر پختونخوا کو گیس کی فراہمی سے انکار، وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد: پشاور میں گیس بحران نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کو اضافی گیس فراہم کرنے سے معذرت کر لی ہے، جس کے بعد توانائی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور صوبے کو درپیش گیس بحران اور اس کے اثرات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ نے مؤقف اختیار کیا کہ سی این جی اسٹیشنز کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ٹرانسپورٹ اور دیگر معاشی شعبے بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

تاہم وفاقی وزیر پیٹرولیم نے واضح کیا کہ ملک میں اس وقت گیس کی شدید قلت ہے جس کے باعث اضافی گیس کی فراہمی ممکن نہیں۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں دستیاب وسائل کو منظم طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں ایل این جی کی درآمد کے بعد صورتحال میں بہتری آتی ہے تو خیبرپختونخوا کو اضافی گیس فراہم کرنے کے معاملے پر غور کیا جا سکتا ہے۔

اس پیشرفت کے بعد صوبے میں توانائی بحران مزید گہرا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ عام شہریوں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Scroll to Top