قومی احتساب بیورو (نیب) ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے 7 برس قبل بھیجے گئے 26 سوالات پر مشتمل سوالنامے کے تسلی بخش جوابات اور متعلقہ دستاویزات تاحال فراہم نہیں کی جا سکیں، جبکہ دوسری جانب جے یو آئی (ف) کی قیادت ان کارروائیوں کو سیاسی انتقام قرار دیتی رہی ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب خیبر پختونخوا نے مولانا فضل الرحمان اور ان کے خاندان کے اثاثوں کی تحقیقات کے سلسلے میں آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کا آغاز کیا تھا۔
اس سلسلے میں نیب کی جانب سے انہیں 26 سوالات پر مشتمل ایک تفصیلی سوالنامہ ارسال کیا گیا تھا تاکہ ان کے اور ان کے خاندان کے پاس موجود جائیدادوں کے ذرائع آمدن کی تصدیق کی جا سکے۔ تاہم، ذرائع کے مطابق 7 سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود مطلوبہ ریکارڈ مکمل طور پر جمع نہیں کرایا جا سکا۔
نیب دستاویزات اور ذرائع کے مطابق سوالنامے میں شامل سوال نمبر 6 میں مولانا فضل الرحمان سے پوچھا گیا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 64 کنال اراضی کی خریداری کے لیے رقم کہاں سے آئی؟ اس سوال کا مقصد زمین کی خرید و فروخت میں استعمال ہونے والے فنڈز کے قانونی ذرائع کی نشاندہی کرنا تھا۔
اسی طرح سوال نمبر 7 میں ان کے بیٹے کے نام پر خریدی گئی 2 کنال 15 مرلہ زرعی اراضی سے متعلق ذرائع آمدن اور رقوم کی منتقلی کے ثبوت طلب کیے گئے تھے۔ نیب ذرائع کا مؤقف ہے کہ ان دونوں سوالات کے حوالے سے متعلقہ ریکارڈ تاحال فراہم نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان اور ان کی قانونی ٹیم نے ماضی میں ان الزامات اور نیب انکوائری کو ہمیشہ ’سیاسی انتقام‘ قرار دے کر مسترد کیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے اثاثے قانونی اور شفاف ہیں۔
تاہم نیب حکام کاکہنا ہے کہ تاحال ان کے سامنے ایسے تسلی بخش جوابات یا مستند دستاویزات پیش نہیں کی جا سکیں جو بیورو کے خدشات کو دور کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : آپریشن “ردالفتنہ-3”: مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان (کالعدم بی ایل اے) کے خلاف کامیابیاں، 15 دہشت گرد جہنم واصل
قانونی ماہرین اور مبصرین کے مطابق ملک کے سیاسی منظرنامے میں جب اعلیٰ سطح کے رہنماؤں پر مالیاتی معاملات کے حوالے سے سوالات اٹھتے ہیں تو عوامی اعتماد کی بحالی اور شکوک و شبہات کے خاتمے کے لیے دستاویزی شواہد پیش کرنا ہی قانونی تقاضا ہوتا ہے، تاکہ طویل عرصے سے زیرِ التوا انکوائریوں کا منطقی انجام ممکن ہو سکے۔





