محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں 2 سے 4 مئی تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 2 مئی کی شام سے چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان اور کوہاٹ سمیت دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
بنوں، لکی مروت، کرک، وزیرستان اور ڈی آئی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
2 مئی کی رات سےوفاقی دارلحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں مری، گلیات، لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد میںگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اسی طرح ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر کے تمام اضلاع بشمول مظفر آباد اور سکردو میں بھی اسی دوران بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، ژوب اور سبی میں بارش جبکہ سندھ کے چند مقامات پر گرد آلود ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تیز ہواؤں کے دوران بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز سے دور رہیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔





