فٹبال ورلڈکپ 2026: جیتنے والی ٹیم کو کتنی رقم ملے گی؟

فٹبال ورلڈکپ 2026 کھیلوں کی دنیا کا اب تک کا سب سے بڑا اور تاریخی ایونٹ بننے جا رہا ہے، جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں شرکت کریں گی اور مقابلے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں 11 جون سے شروع ہوں گے۔

اس عالمی ایونٹ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اپنی ٹائٹل کا دفاع کرے گا، جبکہ ٹیموں کی تعداد میں اضافے کے باعث یہ ٹورنامنٹ ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ وسیع اور دلچسپ ہوگا۔ یاد رہے کہ 2022 کے ورلڈکپ میں 32 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔

اس بار اردن، ازبکستان، کیپ وردے اور کیوراساؤ کی ٹیمیں پہلی مرتبہ ورلڈکپ کا حصہ بن رہی ہیں، جو ایونٹ کی تاریخ میں ایک اہم اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔

فیفا کی جانب سے اس ورلڈکپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر 87 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں تقریباً دوگنی ہے۔

ہر ٹیم کو ایونٹ کی تیاری کے لیے 25 لاکھ ڈالرز جبکہ ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر ایک کروڑ ڈالرز دیے جائیں گے، یعنی صرف شرکت کی بنیاد پر ہی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالرز حاصل ہوں گے۔

کارکردگی کے لحاظ سے انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 5 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز ملیں گے، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی سفارتکاری رنگ لے آئی، عباس عراقچی کا اعتراف

اسی طرح تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز جبکہ چوتھی پوزیشن والی ٹیم کو 3 کروڑ 5 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔

کوارٹر فائنل تک پہنچنے والی ٹیموں (پانچویں سے آٹھویں پوزیشن) کو 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز، جبکہ نویں سے سولہویں پوزیشن تک رہنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 85 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

سترہویں سے بتیسویں پوزیشن تک ٹیموں کو ایک کروڑ 45 لاکھ ڈالرز جبکہ 33 سے 48 نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔

اس ورلڈکپ میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے، جو کہ 2022 کے 64 میچز کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

Scroll to Top