ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں ایل پی جی سرکاری نرخ کے برعکس 100 روپے تک مہنگی فروخت کی جا رہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی قیمت 380 سے 420 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق اس کی فی کلو قیمت 304 روپے مقرر ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث مختلف شہروں میں ایل پی جی کی قیمتوں میں واضح فرق دیکھا جا رہا ہے اور مہنگے داموں فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت 6.27 فیصد اضافے کے بعد 114 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جبکہ یو اے ای کا مربان کروڈ 3.54 فیصد اضافے کے ساتھ 107 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔
ادھر امریکی خام تیل کی قیمت میں 1.5 فیصد کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد یہ 105 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی توانائی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی سطح پر بھی قیمتوں میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔





