مولانا فضل الرحمان کا شیخ ادریس کی شہادت پر کل ملک گیر احتجاج کا اعلان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شیخ ادریس کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے کل بروز جمعہ ملک گیر احتجاج کی اپیل کر دی ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق اس المناک واقعے کے خلاف تمام صوبائی اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جن میں عوام سے شرکت کی درخواست کی گئی ہے۔

پارٹی قیادت نے ملک بھر کے ائمہ اور خطباء کو ہدایت کی ہے کہ وہ نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں دہشت گردی کی مذمت کریں اور اسلام کے پرامن نظریات پر تفصیلی روشنی ڈالیں۔

اسلم غوری نے حکمرانوں کو متنبہ کیا ہے کہ جے یو آئی کی امن پسندی کو کسی طور کمزوری نہ سمجھا جائے اور مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ترجمان جے یو آئی نے ملک کی موجودہ صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا ملک بدامنی کی لپیٹ میں ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جے یو آئی ایک پرامن جماعت ہے لیکن اسے دیوار سے لگانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں جو اب بند ہونی چاہئیں کیونکہ درجنوں علماء کا خون ریاست پر قرض ہے۔

جماعت کی جانب سے حکومت کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موجودہ حکمران نہ تو امن قائم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور نہ ہی معیشت کو سنبھالنے کے قابل ہیں۔

اسلم غوری نے مزید کہا کہ انتخابی دھاندلی، مہنگائی، بے انصافی اور بدترین طرز حکمرانی نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے جس کے خلاف آواز اٹھانا اب ناگزیر ہو چکا ہے۔

Scroll to Top