قطری وزیراعظم اور امریکی نائب صدر کی ملاقات، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے پر تبادلہ خیال

دوحہ : شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں دوطرفہ تعاون، خطے کی صورتحال اور کشیدگی میں کمی کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں قطر اور امریکا کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات کے دوران پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو بھی سراہا گیا اور انہیں خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ بحران کے بنیادی اسباب کو مذاکرات اور پرامن ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا اور ایران مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا امکان، اسلام آباد ایک بار پھر مرکزِ توجہ

قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے اس موقع پر کہا کہ تمام فریقین کو جاری سفارتی کوششوں میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، کیونکہ ان کے مطابق جامع معاہدہ ہی خطے میں دیرپا امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔

ملاقات میں خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور مستقبل میں سفارتی روابط کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق رائے سامنے آیا، جبکہ فریقین نے بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Scroll to Top