اسلا م آباد: پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 4 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
تنظیم کے صدر ملک شہزاد اعوان نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں براہِ راست ٹرانسپورٹ سیکٹر کو متاثر کر رہی ہیں، جس سے کاروباری لاگت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ٹرانسپورٹرز کے لیے گاڑیاں چلانا مشکل ہو گیا ہے اور کئی مالکان مجبوری کے باعث اپنی گاڑیاں کھڑی کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک کی سپلائی چین بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق ٹرک اور ٹریلر مالکان کو دی جانے والی 80 ہزار روپے سبسڈی موجودہ مہنگائی اور بڑھتے اخراجات کے مقابلے میں ناکافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قطری وزیراعظم اور امریکی نائب صدر کی ملاقات، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے پر تبادلہ خیال
ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی لاگت کا بوجھ صرف ٹرانسپورٹرز برداشت نہیں کر سکتے، اس لیے کرایوں میں اضافہ ناگزیر تھا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر مؤثر اقدامات نہ کیے تو ملک گیر ہڑتال کا آپشن بھی زیر غور آ سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔





