پاکستان کے معروف مزاح نگار، اداکار اور شاعر اطہر شاہ خان کی چھٹی برسی آج منائی جا رہی ہے، وہ اپنے منفرد مزاح اور کردار “جیدی” کے باعث آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
اطہر شاہ خان 1943 میں بھارتی شہر رام پور میں پیدا ہوئے، اور قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ لاہور منتقل ہو گئے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے صحافت میں ماسٹرز کیا۔
انہوں نے ریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج پر بطور ڈرامہ نگار اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ان کے تخلیق کردہ مزاحیہ کردار “جیدی” نے انہیں بے حد مقبولیت دلائی۔ ان کے مشہور ڈراموں میں “انتظار فرمائیے”، “ہیلو ہیلو” اور “جیدی ان ٹربل” شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق کے بعد پاکستان کا عالمی کردار مزید مضبوط ہوا، عاصم افتخار
اطہر شاہ خان نہ صرف مزاحیہ اداکاری بلکہ سنجیدہ اور مزاحیہ شاعری کے حوالے سے بھی اپنی منفرد پہچان رکھتے تھے۔
انہیں 2001 میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا، جو ان کی فنی خدمات کا اعتراف تھا۔
وہ 10 مئی 2020 کو حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے، تاہم ان کا فن، کردار اور مزاح آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہے۔





