سانحہ سوات، محکمہ داخلہ نے انکوائری رپورٹ پر عملدرآمد کیلئے آئی جی کو خط ارسال کردیا

شہداء کے خون کا حساب لیا جائے گا، دہشتگردوں کو نہیں چھوڑیں گے: آئی جی پی ذوالفقار حمید

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع بنوں کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انہوں نے گزشتہ رات ہونے والے دہشتگردانہ حملے کے بعد پولیس افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
آئی جی پی نے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کی ہدایت جاری کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات اور تعزیت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء نے وطن اور عوام کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ بنوں پولیس نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اب براہ راست مقابلے کی ہمت کھو چکے ہیں اور بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آئے ہیں، تاہم پولیس فورس ان کے ہر حربے کا مؤثر جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بنوں، چوکی فتح خیل حملے کے شہداء کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا
انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا اور دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ آئی جی پی کے مطابق مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے جبکہ فورس کو جدید اسلحہ، ٹیکنالوجی اور دیگر وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
بعد ازاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں پولیس انفراسٹرکچر، تھانوں اور چوکیات کی سکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لینے اور انہیں مزید محفوظ بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ آئی جی پی نے ہیومن انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید مؤثر بنانے اور سپیشل برانچ کو مضبوط کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
دورے کے اختتام پر شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے خصوصی فاتحہ خوانی کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا پولیس کا ہر جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے آخری دم تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتا رہے گا۔

Scroll to Top