صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 10 مئی ملکی تاریخ کا روشن باب ہے، جب پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
صدر مملکت نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان پر بلاجواز جارحیت مسلط کی گئی، جبکہ بھارتی قیادت نے اپنی عوام کو گمراہ کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کو ہوا دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر حملہ کیا، تاہم افواج پاکستان نے دشمن کو حیران کن جواب دے کر اس کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں ہماری مساجد اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، لیکن پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کی ہر سازش ناکام بنائی۔ صدر زرداری کے مطابق پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن پر اپنی دھاک بٹھائی اور بھارتی فضائیہ کے 8 طیارے مار گرائے گئے، جو پاکستان کی عسکری مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف کا10مئی کویوم معرکہ حق سےمنسوب کرنےکااعلان
صدر مملکت نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی عزم کا شاندار مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کا ردعمل تاریخ کا سنہری باب بن چکا ہے، جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی





