حساس اداروں کی بڑی کامیابی، خاتون خودکش بمبار پکڑی گئی

حساس اداروں کی بڑی کامیابی، خاتون خودکش بمبار پکڑی گئی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے ایک خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر لیا، جسے اسلام آباد میں دہشتگرد حملے کا ہدف دیا گیا تھا۔

کوئٹہ میں گرفتار خاتون کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خاتون کو ایک کیمپ میں دہشتگردی کی تربیت دی جا رہی تھی اور اسے دارالحکومت میں خودکش حملے کے لیے تیار کیا گیا تھا، تاہم سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کر کے بڑے سانحے کو ناکام بنا دیا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردوں کا بلوچ روایات اور اقدار سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ حکومت بچیوں کو تعلیم اور محفوظ مستقبل دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اپنے مقاصد کے لیے معصوم لڑکیوں کو استعمال کرتے ہیں اور انہیں دھمکیاں دے کر خودکش کارروائیوں پر مجبور کیا جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق گرفتار خاتون کو یہ دھمکی دی گئی تھی کہ اگر اس نے خودکش حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو قتل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد خواتین کو ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ کے ذریعے اپنے جال میں پھنساتے ہیں، جو انتہائی شرمناک عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ خواتین کبھی بھی اس جنگ کا حصہ نہیں رہیں اور نہ ہی بلوچ روایات ایسی کارروائیوں کی اجازت دیتی ہیں۔ سرفراز بگٹی کے مطابق حکومت بچی کو عزت و احترام کے ساتھ اس کے والد کے حوالے کر رہی ہے۔

Scroll to Top