بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانی مسافروں کے لیے ایئرپورٹ پر قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اہم احتیاطی ہدایات اور قوانین جاری کر دیے ہیں۔ حکام نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ روانگی سے قبل سامان کی پیکنگ اور متعلقہ ملک کے قوانین سے مکمل آگاہی حاصل کریں۔
بیورو کی جانب سے جاری کردہ آگاہی مہم میں مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے تمام بیگز کی خود اچھی طرح تلاشی لیں اور کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی شے کو ساتھ لے جانے سے گریز کریں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ کے سنگین نتائج برآمد ہوتے ہیں، جس پر کئی ممالک میں عمر قید یا سزائے موت تک دی جاتی ہے۔
حکام نے مسافروں کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی اجنبی یا واقف کار شخص کا دیا ہوا پارسل، بیگ یا کوئی بھی سامان بیرونِ ملک لے جانے سے مکمل اجتناب کریں۔ قوانین کے مطابق کسی دوسرے کا دیا ہوا سامان لے جانے کی صورت میں تمام تر قانونی ذمہ داری مسافر پر ہی عائد ہوگی۔
بیورو نے مزید کہا ہے کہ بعض ممالک میں عام اشیاء یا مخصوص ادویات پر بھی پابندی ہوتی ہے، جس کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور قید کی سزائیں دی جاتی ہیں۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء یا ادویات ساتھ رکھنے سے پہلے متعلقہ ملک کی پابندیوں کی تصدیق ضرور کر لیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان ہدایات کا مقصد مسافروں کے سفر کو محفوظ اور باعزت بنانا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بین الاقوامی سفری قوانین کا احترام کریں تاکہ بیرونِ ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو سکے اور وہ کسی بھی ناگہانی مشکل یا قانونی کارروائی سے محفوظ رہیں۔





