وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو اہم خوشخبری سنا دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں ریلیف دینے کے لیے 150 سی سی تک موٹر سائیکلوں کی ٹرانسفر فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے لاکھوں شہریوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق پنجاب میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے اپریل تا مئی 2026 کے دوران متعدد ریلیف اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں، جن کا مقصد عام شہریوں کو معاشی سہولت فراہم کرنا اور ٹریفک نظام میں بہتری لانا ہے۔
اعلان کے مطابق رجسٹرڈ موٹرسائیکل مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر تک پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج نرسنگ ڈے منایا جارہا ہے
مزید برآں 6 اپریل سے 5 مئی 2026 تک موٹرسائیکل ٹرانسفر فیس (605 روپے)، ایڈیشنل رجسٹریشن مارک فیس (1000 روپے) اور اسمارٹ کارڈ فیس (1300 روپے) مکمل طور پر معاف کر دی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے سبسڈی حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو مریم کو بتائیں ایپ، ہیلپ لائن 1000 یا سرکاری ویب پورٹل کے ذریعے درخواست دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات عوامی ریلیف اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سہولت کے لیے حکومت کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہیں۔





