خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ میں بڑی توسیع کا فیصلہ کر لیا، جس کے تحت 17 نئے ارکان آج اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں صبح 11 بجے منعقد ہوگی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ میں شامل کیے جانے والے نئے ارکان میں 5 وزرا، 4 مشیر اور 8 معاونینِ خصوصی شامل ہیں، جنہیں مختلف اہم محکموں کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ کابینہ میں توسیع کو صوبائی حکومت کی انتظامی اور سیاسی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر سابق معاونِ خصوصی شفیع جان کو ترقی دے کر صوبائی وزیر بنا دیا گیا ہے، اور وہ بھی آج وزارت کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو حکومت کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کو متحرک کردار دینے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
حلف برداری تقریب میں صوبائی حکومت کی اہم شخصیات، اراکین اسمبلی اور دیگر سیاسی رہنما بھی شرکت کریں گے۔ کابینہ میں نئے چہروں کی شمولیت کے بعد حکومتی امور میں مزید تیزی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔





