فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر سے بیلاروس کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات، علاقائی وعالمی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر سے بیلاروس کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات، علاقائی وعالمی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بیلاروس کے اعلیٰ سطح وفد نے اہم ملاقات کی ، اس موقع پرعلاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ بیلاروس کے اعلیٰ سطح وفد نے اسٹیٹ سیکرٹری آف سکیورٹی کونسل لیفٹیننٹ جنرل الیگزینڈر وولفووچ کی قیادت میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و بیلاروس کے درمیان موجودہ دفاعی تعاون کے دائرہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بیلاروس کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

 یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بعد وزیراعظم شہبازشریف سے بھی اہم ملاقات

بیلاروس کے اعلیٰ عہدیدار نے بھی دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، بیلاروسی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کا مزید بتانا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Scroll to Top