خیبرپختونخوا میں لاکھوں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں لاکھوں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی موجودگی کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے بعد صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں تمام غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی باقاعدہ رجسٹریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال، اور بعض حساس واقعات خصوصاً بدامنی اور دہشت گردی میں استعمال ہونے کے خدشات کے پیش نظر یہ اہم اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ اسی تناظر میں محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق صوبے بھر میں تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کی جائے گی، جبکہ نان کسٹم پیڈ (NCP) گاڑیوں کی منظم پروفائلنگ بھی کی جائے گی تاکہ ان کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔

ابتدائی مرحلے میں یہ عمل ضلع دیر لوئر سے شروع کیا جائے گا، جہاں گاڑیوں کی پروفائلنگ کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ٹک ٹاکر ثنا یوسف کیس میں نئی پیش رفت سامنے آگئی

حکام کے مطابق گاڑیوں کی پروفائلنگ اور رجسٹریشن کے لیے خصوصی سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جہاں شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپلیکیشن بھی تیار کر لی گئی ہے۔

محکمہ ایکسائز نے اس پورے عمل کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے باقاعدہ ٹائم فریم بھی جاری کر دیا ہے تاکہ صوبے بھر میں موجود تمام غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کا مکمل اور منظم ریکارڈ تیار کیا جا سکے۔

Scroll to Top