پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے 28 سال مکمل ہونے پر مسلح افواجِ پاکستان نے قوم کو یومِ تکبیر کی پرجوش مبارکباد پیش کی ہے اور اس تاریخی دن کو قومی اتحاد، عزم اور خودمختاری کی علامت قرار دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرات)، چیف آف ڈیفنس فورسز، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف (نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز ملٹری، تبّارک)، اور چیف آف ایئر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو (نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرات) نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 28 مئی 1998 وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان نے ایٹمی طاقت بن کر جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سنگِ میل قومی اتحاد، استقامت اور ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کا دفاعی اور اسٹریٹجک پروگرام ایک قومی امانت ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور قابلِ اعتبار دفاعی صلاحیت کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا دفاع آہنی ہاتھوں میں ہے، آپریشن غضب للحق سے تمام فتنوں کا خاتمہ ہوگا، وزیراعظم
یہ عظیم کامیابی مدبر قیادت، سائنسدانوں اور انجینئرز کی غیر معمولی خدمات اور مسلح افواج و عوام کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔
بیان کے آخر میں کہا گیا کہ اس بابرکت موقع پر پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہو کر اتحاد، بیداری، استقامت اور ایک مضبوط و خوشحال پاکستان کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔
پاکستان آرمی زِندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔





