نئے صوبے بنانے ہیں یا نہیں؟ فیصلہ عوام کی رائے سے ہونا چاہیے، ریفرنڈم کرانے میں کوئی حرج نہیں، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق حکومت کا مؤقف واضح ہے، اس معاملے پر عوامی رائے لی جائے اور فیصلے بھی عوامی خواہشات کے مطابق کیے جائیں۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے عوامی رائے لینے کا راستہ ہموار کیا جائے۔ اگر عوام کی رائے صوبے بنانے کے حق میں ہو تو نئے صوبے بنائے جائیں اور اگر عوام ایسا نہیں چاہتے تو یہ فیصلہ بھی تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ریفرنڈم کرانے میں کیا حرج ہے؟ کوئی حرج نہیں ہونا چاہیے، آئین میں ریفرنڈم سے متعلق شق بالکل واضح ہے اور اس کے تحت ریفرنڈم کرایا جاسکتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز صدر مملکت سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی، جس میں معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: دہائیوں سے سسٹم کا حصہ رہنے والے آج معصوم نہ بنیں، عوام اچھی گورننس چاہتے ہیں نہ کہ فساد کی سیاست، عطا تارڑ کا چیئرمین پی پی پی پر سخت ردعمل

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل پر ملک بھر میں بحث جاری ہے اور اس معاملے پر عوامی رائے سامنے آنی چاہیے۔ عوام کی رائے آنے کے بعد ہی آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

Scroll to Top