اسلام آباد پولیس کے افسران و اہلکاروں کی محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ جاری ہے، آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے مزید 203 افسران و اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی۔
ترقی پانے والوں میں 90 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز)، 107 سب انسپکٹرز اور 6 لوئر ڈویژن کلرکس (ایل ڈی سیز) شامل ہیں۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق، ڈی آئی جی لاء اینڈ آرڈر محمد عتیق طاہر اور دیگر سینئر پولیس افسران نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کو نئے رینک لگائے۔ تقریب میں پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ محکمانہ ترقی افسران و اہلکاروں کا بنیادی حق اور ان کی خدمات کا اعتراف ہے، تاہم ترقی کے ساتھ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ مزید محنت، دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اہل افسران و اہلکاروں کو میرٹ پر بروقت ترقی دینا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا پولیس اور یو ایم ٹی لاہور میں بڑا معاہدہ، شہداء کے ورثاء کے لیے 5 کروڑ روپے کا تاریخی تعلیمی پیکج کا اعلان!
آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ ترقی پانے والے اہلکار شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور خدمتِ عامہ کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کریں۔





