گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور اور ایم ایل-1 ریلوے منصوبے سمیت مختلف اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ایم ایل-1 منصوبے کی اہمیت اور اس کی بروقت تکمیل پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایم ایل-1 ریلوے منصوبہ صوبے کے جنوبی اضلاع کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے جنوبی اضلاع میں تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ خطے کی معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ایم ایل-1 منصوبہ علاقے کی تقدیر بدلنے اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے منصوبے کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ریلوے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی بھی شریک تھے۔





