غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی کارروائیاں تیز

پشاور: خیبرپختونخوا ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، جعلی و غیر قانونی نمبر پلیٹس اور ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جاری مہم کے تحت پشاور میں مختلف علاقوں میں خصوصی چیکنگ کی گئی، جو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (I) پرائیویٹ وہیکلز پشاور مسعود الحق کی نگرانی میں انجام دی گئی۔

کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور ان کے رجسٹریشن کاغذات، نمبر پلیٹس اور ٹوکن ٹیکس ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔

معائنے کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جن میں غیر رجسٹرڈ گاڑیاں، جعلی یا غیر قانونی نمبر پلیٹس کا استعمال اور ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی شامل ہے۔ اس موقع پر متعدد گاڑی مالکان کو موقع پر ہی ٹریفک اور ٹیکس قوانین سے متعلق آگاہی بھی دی گئی۔

اس موقع پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر مسعود الحق نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور غیر قانونی دستاویزات کے ساتھ گاڑی چلانا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے جرائم کی روک تھام اور گاڑیوں کی شناخت میں بھی مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی چھوڑ کر ن لیگ میں جانے والے ایم این اے کے تہلکہ خیز انکشافات

انہوں نے کہا کہ ٹوکن ٹیکس حکومت کے لیے ریونیو کا اہم ذریعہ ہے اور اس کی بروقت ادائیگی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

مسعود الحق نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت رجسٹریشن کروائیں، حکومتی منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کریں اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی وقت پر یقینی بنائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ خصوصی مہم آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ قانون کی عملداری، عوامی سہولت اور ریونیو میں بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top