اسلام آباد: حکومت نے غریب اور مستحق طبقات کو مالی امداد فراہم کرنے والے پروگرام ’بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)‘ کے دائرہ کار میں توسیع کرتے ہوئے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اب 35 سال یا اس سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کو بھی پروگرام میں شامل کیا جائے گا، تاکہ انہیں مستقل مالی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ معاملہ پارلیمنٹ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں زیر غور آیا، جس میں ملک کے غریب اور پسماندہ طبقات کو ریلیف دینے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران کمیٹی کے رکن بلال مندوخیل نے نشاندہی کی کہ موجودہ نظام میں غیر شادی شدہ مستحق خواتین کو اس مالی معاونت کے نیٹ ورک میں شامل نہیں کیا گیا، جو ایک اہم خلا ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ معاشرے میں غیر شادی شدہ خواتین، خصوصاً وہ جو اکیلے زندگی گزار رہی ہیں اور کسی سہارا سے محروم ہیں، سب سے زیادہ مالی امداد کی حقدار ہیں، لہٰذا ان کی شمولیت ناگزیر ہے۔
بلال مندوخیل نے کہا کہ ایسی خواتین شدید معاشی مشکلات کا شکار ہوتی ہیں اور حکومت کو ان کی خصوصی طور پر سرپرستی کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا آپ روزانہ چائے اور کافی پیتے ہیں؟ نئی تحقیق نے اہم خبر سنا دی
اجلاس میں موجود بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حکام نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے بتایا کہ پالیسی پر نظرثانی جاری ہے اور جلد 35 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ مستحق خواتین کو بھی پروگرام کے دائرہ کار میں شامل کر لیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد معاشرے کے ایک محروم اور کمزور طبقے کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ حکومتی امداد سے مستفید ہو سکیں۔





