کیا آپ روزانہ چائے اور کافی پیتے ہیں؟ نئی تحقیق نے اہم خبر سنا دی

Pakistan SCO Summit 2026

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزمرہ زندگی میں چائے اور کافی کا مناسب استعمال نہ صرف صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے بلکہ قبل از وقت موت کے خطرے میں بھی نمایاں کمی لا سکتا ہے۔

برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور مشروبات، خصوصاً چائے اور کافی، جسمانی خلیات کی حفاظت اور میٹابولزم کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد روزانہ مجموعی طور پر 7 سے 8 کپ پانی، چائے اور کافی کا استعمال کرتے ہیں، ان میں مختلف وجوہات کی بنا پر قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

محققین کے مطابق روزانہ 2 کپ کافی اور 3 کپ چائے پینے کا امتزاج قبل از وقت موت کے خطرے کو 45 فیصد تک کم کر سکتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جبکہ شرکاء کی صحت کا 13 سال تک مسلسل جائزہ لیا گیا۔ اس دوران ان کی چائے، کافی اور پانی کے استعمال سے متعلق معلومات بھی جمع کی گئیں۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ اگرچہ پانی اچھی صحت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، تاہم چائے اور کافی جیسے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور مشروبات کو معمولات کا حصہ بنانے سے میٹابولک افعال مزید بہتر ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ان مشروبات میں موجود پولی فینولز جسم میں سوزش اور تکسیدی تناؤ کو کم کرتے ہیں، جس سے ذیابیطس ٹائپ ٹو، موٹاپے اور میٹابولک سینڈروم جیسے امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی کارروائیاں تیز

تحقیق میں بتایا گیا کہ کافی میں موجود کلوروجینک ایسڈ ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ چائے میں پائے جانے والے کیٹیچنز سوزش کم کرنے، میٹابولزم بہتر بنانے اور وزن میں کمی میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

محققین نے خبردار کیا کہ کیفین کا ضرورت سے زیادہ استعمال دل کی دھڑکن تیز ہونے، بے چینی اور نیند کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے، جبکہ حد سے زیادہ پانی پینا بھی جسم میں نمکیات کے توازن کو متاثر کر سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ متوازن مقدار میں چائے، کافی اور پانی کا استعمال صحت مند اور طویل زندگی کے حصول میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top