وفاقی وزیرپیٹرولیم نے گیس صارفین کو خوشخبری سنادی

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت جلد گیس صارفین کے لیے خوشخبری کا اعلان کر سکتی ہے جس کے تحت مقامی سستی گیس کی بنیاد پر نرخوں میں کمی یا نئی قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔

وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ عالمی حالات اور خطے کی کشیدگی کے باعث ایل این جی سپلائی میں وقتی مشکلات آئیں جس کے بعد بجلی کے شعبے میں مقامی گیس کا استعمال بڑھایا گیا تاکہ نظام بلا تعطل چلتا رہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ درآمدی ایل این جی کی لاگت ساڑھے تین ہزار روپے جبکہ مقامی گیس کی قیمت تقریباً 2 ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے جس سے حکومت کو سستی گیس استعمال کرنے کا موقع ملا۔

علی پرویز ملک کے مطابق مقامی گیس کی نئی قیمتوں اور پالیسی کے حوالے سے ایک سمری تیار کر لی گئی ہے، جسے حتمی منظوری کے لیے بہت جلد وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

کابینہ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد گیس کی نئی قیمتوں پر کیے گئے حتمی فیصلے سے عوام کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا جائے گا۔

وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ مشکل حالات میں ملک کی گیس ضروریات پوری کرنے کے لیے مقامی پیداوار بڑھائی گئی، اور روزانہ تقریباً 40 کروڑ مکعب فٹ اضافی گیس سسٹم میں شامل کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گیس کے شعبے میں موجود گردشی قرضے کے مسئلے پر بھی سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، اور شعبے کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔

Scroll to Top