وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے آبائی ضلع خیبر میں مطالبات کے حق میں جاری پولیس دھرنے کے منتظمین نے صوبائی حکومت کوکل 11بجے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
سرکل ڈی ایس پی ملک مظہر آفریدی نے حکومت کو کل صبح 11 بجے تک کی حتمی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو خیبر اور فاٹا فورس کے تمام ایس پی دفاتر کو تالے لگا دیے جائیں گے۔
پنڈال سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ڈی ایس پی ملک مظہر آفریدی کا کہنا تھا کہ 28 روز گزرنے کے باوجود اعلیٰ پولیس حکام اور حکومت کی جانب سے ان کے تحفظات دور نہیں کیے گئے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ دھرنے کے دوران پنڈال اور اطراف میں باہر سے غیر متعلقہ افراد کو لایا گیا جس پر سی سی پی او اور ڈی پی او کو بارہا آگاہ کرنے کے باوجود کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کل صبح 11 بجے تک اگر ان افراد کو نہ نکالا گیا اور مطالبات پر عمل نہ ہوا تو ایس پی دفاتر مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : نئے صوبوں کا قیام وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، شہیر سیالوی
ڈی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ اعلیٰ حکام صرف وقت ٹال رہے ہیں اس لیے کل دوپہر 12 بجے کے بعد اورکزئی قوم، قبائلی مشران اور ہزاروں فاٹا فورس اہلکاروں سے رابطہ کر کے اگلا سخت لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔





