گورنر خیبرپختونخوا سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، صوبے میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ہے جس میں صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، معاشی تعاون بڑھانے اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ نجی شعبے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے کردار پر زور دیتے ہوئے پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں صوبے کے معدنیات، سیاحت، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی جبکہ قبائلی اضلاع اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لیے تعلیمی اسکالرشپس اور کھیلوں کے ٹیلنٹ کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے امریکی ناظم الامور کو بتایا کہ صوبہ قیمتی اور نایاب معدنی وسائل سے مالامال ہے اور انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

اس موقع پر انہوں نے پشاور میں امریکی قونصل خانے کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تجارتی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب سے خیبرپختونخوا گندم کی ترسیل میں رکاوٹیں،گورنر فیصل کریم کنڈی کی وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل

امریکی ناظم الامور نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو جدید تربیت اور ہنر کی فراہمی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی پر گورنر کو مبارکباد دی۔

فیصل کریم کنڈی نے کامیابی کا کریڈٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو اور کارکنان کی مؤثر مہم کو دیا۔ ملاقات کے اختتام پر گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے امریکی ناظم الامور کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

Scroll to Top