حج 2027 رجسٹریشن، گھر بیٹھے صرف 48 گھنٹوں میں کتنے ہزار افراد شامل ہوئے؟ تفصیلات جاری

اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کی لازمی رجسٹریشن مہم کے ابتدائی دو روز کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رجسٹرڈ عازمین کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ آن لائن نظام کے ذریعے ہزاروں افراد نے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کی۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق آن لائن پورٹل کے ذریعے 46 ہزار سے زائد افراد نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ پاک حج موبائل ایپ (Pak Hajj Mobile App) کے ذریعے مزید 5 ہزار عازمین نے اندراج مکمل کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق 41 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم کا انتخاب کیا، جبکہ 10 ہزار عازمین نے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت رجسٹریشن کروائی۔

صوبائی سطح پر پنجاب سرفہرست رہا جہاں 24 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ سندھ سے 16 ہزار، خیبر پختونخوا سے 7 ہزار اور اسلام آباد سے 3 ہزار عازمین نے اندراج مکمل کیا۔

ترجمان کے مطابق بلوچستان سے 800، آزاد کشمیر سے 260 اور گلگت بلتستان سے 77 افراد نے حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کروائی۔

یہ بھی پڑھیں : عراق جانے والے پاکستانی زائرین کیلئے بڑا اعلان

وزارتِ مذہبی امور نے بتایا کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج آپریشن کو مکمل طور پر پیپر لیس اور اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائزڈ بنایا گیا ہے، جس کے باعث عازمین کو رجسٹریشن کے عمل میں سہولت فراہم ہوئی ہے۔

رجسٹرڈ عازمین میں 30 ہزار مرد اور 21 ہزار خواتین شامل ہیں، جبکہ عمر کے لحاظ سے 30 سے 48 سال کے افراد کی تعداد سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ حج 2027 کی لازمی رجسٹریشن مہم بلا تعطل جاری رہے گی، جبکہ حج اخراجات، پیکجز اور دیگر تفصیلات بعد کے مرحلے میں جاری کی جائیں گی۔

Scroll to Top