برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اچانک پریشان کن صورتحال پیدا ہوگئی زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبل میں تکنیکی خرابی کے باعث پاکستان ہائی کمیشن لندن نے نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق تمام سروسز غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردیں۔
ہائی کمیشن کے اس اعلان کے بعد شہریوں کے اہم دستاویزی امور متاثر ہونے کا خدشہ ہے تاہم دستاویزات کی تصدیق کی سہولت بدستور جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن نے نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق تمام سروسز عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے باعث ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے والے پاکستانی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبل میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے باعث انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ہائی کمیشن کی بعض اہم آن لائن اور ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی ممکن نہیں رہی۔
اعلامیے کے مطابق انٹرنیٹ کیبل میں خرابی کے باعث نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق سروسز کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ یہ سہولیات تاحکمِ ثانی معطل رہیں گی اور ان کی بحالی کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا۔
ہائی کمیشن نے واضح کیا ہے کہ تمام سروسز بند ہونے کے باوجود دستاویزات کی تصدیق کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا یعنی شہری اس مخصوص سہولت سے بدستور فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے میدانوں میں نئی ہلچل، ساوتھ ایشین گیمز 2027 کی تیاریاں، کھلاڑیوں کی سکیورٹی پر بڑا فیصلہ!
اس اچانک فیصلے کے باعث برطانیہ میں مقیم ان پاکستانیوں کو اپنی دستاویزات، پاسپورٹ کی تجدید اور ویزا سے متعلق کاموں کے لیے انتظار کرنا پڑ سکتا ہے جنہوں نے ہائی کمیشن سے رجوع کرنا تھا۔
پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے سروسز کی بحالی سے متعلق آئندہ اطلاع کا انتظار ہے جبکہ شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ نئی ہدایات جاری ہونے تک تازہ ترین سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں۔





